مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکہ سمیت دیگر ممالک کو کم جونگ اور ان کی حکومت کے خلاف سازشیں بند نہ کرنے کی صورت پر ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی پالیسیوں نے مجبور کیا ہے کہ ان کا ملک اپنے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار تیار رکھے اس لیے شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کررہا ہے اور اگر امریکہ اور دیگر ممالک نے شمالی کوریا مخالف پالیسیاں جاری رکھیں تو وہ اپنے دشمنوں کے خلاف کسی بھی وقت ایٹمی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔
جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ شمالی کوریا ینگبیان میں واقع مرکزی جوہری کمپلیکس کو دوبارہ آپریشنل کررہا ہے جس میں یورینیم افزودگی کے پلانٹ اور5 میگا واٹ کے ایک ری ایکٹر نے معمول کے مطابق کام شروع کردیا ہے جب کہ تمام جوہری تنصیبات میں تبدیلی اور ان میں جدت بھی لائی گئی ہے۔ ینگبیان مرکز میں شمالی کوریا نے 3 جوہری تجربات کے لیے مواد تیار کیا تھا اور یہ کمپلیکس امریکہ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت 2007 میں بند کر دیا گیا تھا.
آپ کا تبصرہ